ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار ٹن گیس لے کر پہنچ گیا
کراچی (کامرس ڈیسک) ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی بردار جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا، جہاں نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں ضابطہ جاتی رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں۔ نئے انتظامات سے موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں گیس کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں ایل پی جی کے مزید جہاز پہنچنے کی توقع ہے، جس سے کھلی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہوگی اور صارفین کو ریلیف مل سکے گا۔