ایران کا کویت میں امریکی فوجی اڈے پر خودکش ڈرونز سے حملہ
کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے کویت میں واقع اہم امریکی فوجی اڈے علی السالم کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا، تاہم کویت نے حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ واقعے کے بعد خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق ایرانی ڈرونز نے بدھ کی صبح علی السالم ایئربیس کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فوج کا دعویٰ ہے کہ خودکش ڈرونز نے اڈے پر موجود پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، امریکی ڈرونز اور میزائل داغنے والے مراکز کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق حملوں کا بنیادی ہدف خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام تھے۔ ایرانی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اپنے دفاع میں کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا اور کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب کویتی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرونز کے حملوں کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے اور حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق علی السالم ایئربیس مغربی ایشیا میں امریکی فوج کی فضائی نقل و حمل اور عسکری سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے، جو خطے میں امریکی افواج کی دفاعی اور رسدی حکمت عملی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔