ایف بی آر کا مشروبات ساز صنعتوں کی الیکٹرانک نگرانی بڑھانے کا فیصلہ

ایف بی آر کا مشروبات ساز صنعتوں کی الیکٹرانک نگرانی بڑھانے کا فیصلہ

Nov 18, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مشروبات تیار کرنے والی صنعتوں کی الیکٹرانک نگرانی کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت نگرانی کے نظام کی تنصیب اور دیکھ بھال کے لیے منظور شدہ کمپنیوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی گئی ہے۔ایف بی آر کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا فوری طور پر اطلاق کردیا گیا ہے۔ نئی منظور شدہ کمپنیوں میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن بھی شامل ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ صنعتیں الیکٹرانک مانیٹرنگ نظام نصب کرانے کے لیے ایف بی آر کی منظور کردہ کسی بھی کمپنی کی خدمات حاصل کرسکیں گی۔ اس نظام کا اطلاق بوتلوں میں فروخت ہونے والے پانی، پیکٹ والے جوس، دودھ اور دیگر مشروبات کی تیاری پر ہوگا۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مشروبات تیار کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو نئے احکامات پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ منظور شدہ کمپنیوں کی فہرست میں شامل نہ ہونے والی صنعتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ نہیں ہوں گی۔الیکٹرانک نگرانی کے اس نظام کے ذریعے مشروبات کی پیداوار پر نظر رکھنے اور ٹیکس کے نظام میں شفافیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔