امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وفاقی عدالت نے ایک امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ، یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنا دی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے 48 سالہ آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا ہے، تاہم ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کیے تھے۔امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ ایرانی فوج کے سابق کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے آصف مرچنٹ کو امریکا بھیجا گیا تھا۔ ان پر امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش اور امریکا میں دہشت گردی کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔آصف مرچنٹ کو 15 جولائی کو امریکی ریاست ٹیکساس سے گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر ایک امریکی قاتل کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر منگوائے تھے۔آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے ہے۔ پاکستانی محکمہ انسداد دہشت گردی کے ذرائع کے مطابق ان کا کراچی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا نے آصف مرچنٹ سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے پاکستان سے بھی رابطہ کیا تھا۔