ہوم میچز کے نشریاتی حقوق 35 کروڑ روپے میں سرکاری ٹی وی نے خرید لیے
لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہوم میچز کے نشریاتی حقوق 35 کروڑ روپے میں فروخت ہوگئے، جبکہ ٹینڈر میں مقرر کردہ کم از کم قیمت 60 کروڑ روپے تھی۔پی سی بی کی جانب سے چند روز قبل ہوم سیریز کے نشریاتی حقوق کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا، جس میں سرکاری ٹی وی واحد بولی دہندہ بن کر سامنے آیا اور حقوق حاصل کرلیے۔کرکٹ بورڈ کے تین بڑے نشریاتی اداروں پر پہلے ہی بھاری واجبات ہیں۔ اگرچہ انہیں بولی کے عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا گیا تھا، تاہم ان اداروں نے خود اس عمل میں شرکت نہیں کی۔ پاکستان کرکٹ کے بیشتر نشریاتی حقوق رکھنے والی ایک کمپنی نے بھی بولی میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور آئرلینڈ و سری لنکا کے خلاف میچز میں شائقین کی کم دلچسپی کو بھی بولی میں کم شرکت کی وجوہات میں شمار کیا جارہا ہے۔اس مرتبہ پی سی بی نے کنسورشیم بنانے کی اجازت بھی نہیں دی تھی۔ نئے معاہدے میں مجموعی طور پر 25 میچز شامل ہیں، جن میں 5 ٹیسٹ، 14 ایک روزہ بین الاقوامی اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق رواں ماہ سری لنکا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے، جبکہ انگلینڈ کی شرکت سے 7 میچز پر مشتمل سہ فریقی ایک روزہ سیریز بھی شیڈول ہے۔ آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔جنوری 2027ء میں آئرلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز جبکہ زمبابوے کے ساتھ سہ فریقی ایک روزہ سیریز بھی شیڈول میں شامل ہے۔ فروری میں آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ جبکہ فروری اور مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز بھی طے ہیں۔بعض رپورٹس کے مطابق زمبابوے نے تجارتی وجوہات کی بنا پر دورہ پاکستان سے انکار کردیا ہے، جس کے باعث سہ فریقی سیریز کے انعقاد پر سوالیہ نشان ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ کے حوالے سے بھی ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم پی سی بی نے ان تبدیلیوں کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی۔