سری لنکا نے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا، ہیری بروک کی ڈبل سنچری رائیگاں

سری لنکا نے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا، ہیری بروک کی ڈبل سنچری رائیگاں

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے صرف 116 گیندوں پر 21 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 202 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے پہلی ڈبل سنچری ہے۔جو روٹ نے 69، ول جیکس نے ناقابلِ شکست 66 جبکہ ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔ بروک اور روٹ نے تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ بروک اور جیکس نے چوتھی وکٹ پر 185 رنز جوڑے۔ سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔430 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے پون رتنائیکے نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ اویشکا فرنینڈو 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ڈاسن شاناکا نے صرف 50 گیندوں پر 97 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ جینتھ لیانگے 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ اسیتھا فرنینڈو ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹونگ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سیم کرن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز بنائے تھے، تاہم انگلینڈ کا 429 رنز کا مجموعہ اس سابقہ ریکارڈ سے کہیں زیادہ رہا۔ اس کے باوجود سری لنکا نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف حاصل کرلیا۔