پی ایس ایل 12: پلیئر آکشن 23 جنوری کو، لیگ 18 مارچ سے شروع ہوگی

پی ایس ایل 12: پلیئر آکشن 23 جنوری کو، لیگ 18 مارچ سے شروع ہوگی

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں سیزن کے حوالے سے اہم فیصلے کرلیے گئے ہیں، جن کے مطابق پلیئر آکشن 23 جنوری کو ہوگا، جبکہ لیگ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں کھیلی جائے گی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں سیزن 12 کے انتظامات اور کھلاڑیوں کی براہِ راست سائننگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پی سی بی حکام، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کرسکے گی، تاہم اس کے لیے شرط ہوگی کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز میں شریک نہ ہوا ہو۔مزید برآں، ایچ بی ایل پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ آئندہ ہفتے منعقد کی جائے گی، جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس بھی پی ایس ایل سے قبل کرائے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ ان کے مطابق گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور بورڈ اسی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے لیگ کو مزید آگے لے جانا چاہتا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچز زیادہ شہروں میں منعقد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔دوسری جانب پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اب ہر فرنچائز کی جانب سے پی ایس ایل 12 کے لیے مضبوط اور بہترین اسکواڈ تیار کرنے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔