ڈبل سنچری بے معنی ہے کیونکہ میچ نہیں جیت سکے، ہیری بروک

ڈبل سنچری بے معنی ہے کیونکہ میچ نہیں جیت سکے، ہیری بروک

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے کے باوجود انہیں خوشی نہیں، کیونکہ ان کی ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔راولپنڈی میں جمعرات کو پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ تاہم سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلش کپتان ہیری بروک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 114 گیندوں پر 202 رنز بنائے، جن میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کے باوجود انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ہیری بروک نے کہا کہ وہ ہمیشہ میچ جتوانے والی اننگز کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں، اس لیے ڈبل سنچری بنانے کے باوجود میچ نہ جیتنے پر خوش نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ڈبل سنچری کی کوئی اہمیت نہیں، کیونکہ ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ انہوں نے سری لنکا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حریف ٹیم نے شاندار کرکٹ کھیلی، باؤنڈریز لگانے کے ساتھ سنگلز لے کر بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ہیری بروک نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کو بھی بہترین قرار دیا۔ ان کے مطابق میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر تقریباً 900 رنز بنائے، جو پچ کے عمدہ ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔انگلش کپتان نے مزید کہا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے جھنڈے بھی دکھائی دیے۔