محمد عامر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی جدید سہولتوں اور تربیتی اقدامات کے معترف

محمد عامر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی جدید سہولتوں اور تربیتی اقدامات کے معترف

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) سابق پاکستانی ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عامر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جدید سہولتوں، ترقیاتی منصوبوں اور نوجوان کرکٹرز کی تربیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر اکیڈمی کا دورہ کرنے والے محمد عامر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا کریڈٹ پی سی بی کے چیئرمین کو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولتیں اور ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔ اگر ان منصوبوں کا تسلسل برقرار رہا تو پاکستان کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی۔محمد عامر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں تربیت کے لیے جدید سہولتیں اور بہترین ماحول میسر ہے۔ نئی بولنگ مشین بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے میں مدد دے گی، جبکہ ری ہیب کی جدید سہولتیں بھی کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی خوراک، ٹریننگ اور بحالی کے عمل کی باقاعدہ نگرانی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرکٹرز پر سرمایہ کاری پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔سابق فاسٹ بولر نے ملتان میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے تربیتی پروگرام کو مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ سیالکوٹ میں انڈر 15 اور فیصل آباد میں انڈر 17 کھلاڑیوں کی تربیت کے اقدامات کو بھی سراہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ پی سی بی سابق کرکٹرز کے تجربات اور تجاویز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق سابق کھلاڑیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد سفارشات بورڈ کو پیش کی جائیں گی تاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔