عالیہ بھٹ کی پیدائش سے قبل سونی رازدان نے 100 سگریٹ پی لیں
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سونی رازدان نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹی عالیہ بھٹ کے حمل کے دوران ایک فلمی منظر کی عکس بندی کرتے ہوئے انہوں نے ایک ہی روز تقریباً 100 سگریٹ پی لی تھیں، تاہم اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ امید سے ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سونی رازدان نے ایک انٹرویو میں اپنی زندگی اور فنی سفر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے کیریئر کے دوران فلموں اور ٹیلی ویژن منصوبوں میں کام کرتے ہوئے انہیں دو مرتبہ حمل کے مرحلے سے گزرنا پڑا، اس دوران ساتھی فنکاروں اور پروڈکشن ٹیم نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔اداکارہ کے مطابق وہ پہلی مرتبہ 1986 میں نشر ہونے والے ٹی وی ڈرامے ’’بنیاد‘‘ کی عکس بندی کے دوران حاملہ ہوئی تھیں۔ اس وقت ڈرامے کی ٹیم نے ان کی سہولت کا خاص خیال رکھا اور آمدورفت کے لیے گاڑی بھی فراہم کی، کیونکہ ممبئی کے علاقے لوکھنڈ والا میں صبح سویرے ٹیکسی ملنا دشوار تھا۔سونی رازدان اور معروف فلم ساز مہیش بھٹ کے ہاں 1988 میں پہلی بیٹی شاہین بھٹ پیدا ہوئیں، جبکہ اداکارہ دوسری مرتبہ 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گمراہ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران حاملہ ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ فلم کے ایک منظر میں انہیں سگریٹ نوشی کرنا تھی، جس کی عکس بندی کے دوران ایک ہی دن میں تقریباً 100 سگریٹ پی گئیں۔ اس وقت انہیں اپنے حمل کا علم نہیں تھا اور ان کے بطن میں عالیہ بھٹ پرورش پا رہی تھیں۔سونی رازدان کا کہنا تھا کہ وہ معمول کے طور پر سگریٹ نوشی نہیں کرتی تھیں، تاہم اس واقعے کے بعد انہیں سگریٹ پینے کی طلب محسوس ہونے لگی تھی۔