بلوچستان میں آٹا مہنگا، 50 کلو تھیلے کی قیمت 8500 روپے ہوگئی

بلوچستان میں آٹا مہنگا، 50 کلو تھیلے کی قیمت 8500 روپے ہوگئی

Nov 16, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے، 50 کلو آٹے کا تھیلا 8500 روپے تک پہنچنے سے غریب عوام کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے۔آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی غذا آٹا اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔شہری حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتیں اس حد تک بڑھ چکی ہیں تو نوشکی، پنجپائی، چمن، تفتان اور لورالائی سمیت دور دراز علاقوں کے عوام کو کس قدر دشواری کا سامنا ہوگا۔شہریوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے، قیمتوں پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے سدباب کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر آٹا فراہم کیا جاسکے۔