خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ بے نقاب

خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ بے نقاب

Nov 16, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)  خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور دہشتگردی کے مبینہ تعلق سے متعلق اہم شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ کوہاٹ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے ایک افغان شہری تھا، جبکہ مزید 4 کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ شناخت کیے گئے دہشتگرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان کے ایک سرغنہ کے ذاتی محافظ کے طور پر سامنے آئی ہے۔ دیگر ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کے لیے بھی دستیاب تصاویر اور معلومات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں ہونے والی غیر قانونی کان کنی کا 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔وزیراعظم کے رابطہ کار اختیار ولی نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو نوجوانوں کی کمیٹی میں شامل کرکے غیر قانونی سونے کی کان کنی کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق دہشتگرد عناصر کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ دوسرے علاقوں سے آنے والے کان کنوں سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ شواہد خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے ساتھ سابق صوبائی حکومت، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے مبینہ تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشتگرد تنظیم کے خلاف اقدامات عوامی وسائل پر قبضہ کرنے والے عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں۔