امپائر کے فیصلے پر برہمی، شاداب خان کو 5 فیصد جرمانہ
ابوظبی (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان کو ابوظبی ٹی 10 لیگ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی ظاہر کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔یہ واقعہ جمعے کو شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای بلز اور عربین ایسز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پیش آیا۔یو اے ای بلز کے بیٹر نے باؤنسر کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند ان کے بلے سے نہیں لگی۔ شاداب خان کا خیال تھا کہ امپائر کو اس گیند کو وائیڈ قرار دینا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہ ہونے پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا بیٹ زمین پر دے مارا اور باؤنڈری کے قریب کھڑے دوسرے امپائر کی جانب دیکھا۔ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق شاداب خان نے ابوظبی ٹی 10 لیگ کے ضابطۂ اخلاق کی سطح اوّل کی خلاف ورزی کی۔ ان پر آرٹیکل 2.8 کے تحت امپائر کے فیصلے سے اختلاف اور برہمی ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا۔شاداب خان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ قبول کرلیا۔