امیتابھ بچن کے بعد بیٹے ابھیشیک کو بھی قتل کی دھمکیاں موصول

امیتابھ بچن کے بعد بیٹے ابھیشیک کو بھی قتل کی دھمکیاں موصول

Nov 17, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کے بعد ان کے اکلوتے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک مختصر پیغام جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے ’’بچ گئے‘‘ کے الفاظ لکھے تھے۔ اس پوسٹ کے بعد امیتابھ اور ابھیشیک بچن کو مبینہ طور پر گینگسٹر گولڈی ڈھلوں کی جانب سے قتل کی آن لائن دھمکیاں دی گئیں۔اس سے قبل بھی مذکورہ گینگسٹر نے ای میلز کے ذریعے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں گولڈی ڈھلوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں اداکاروں کو بلٹ پروف کیبن اور دیگر سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود قتل کیا جاسکتا ہے۔گینگسٹر نے مزید کہا کہ دہلی پولیس کے خصوصی سیل کی جانب سے اس کے گروہ کے 2 ارکان وکاس ٹھاکر اور دیپک سنگھ کی گرفتاری کے باوجود ان کا منصوبہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 200 سے زائد افراد احکامات کے منتظر ہیں، جو اس کارروائی کو مکمل کرسکتے ہیں۔تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے تاحال سوشل میڈیا پر جاری اس دھمکی کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی اس حوالے سے تحقیقات شروع کرنے کی اطلاع دی ہے۔ دوسری جانب امیتابھ بچن کی ٹیم نے بھی اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔