میرٹ کی بحالی اور عوامی خدمت صوبائی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے، سرفراز بگٹی

میرٹ کی بحالی اور عوامی خدمت صوبائی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے، سرفراز بگٹی

Nov 17, 2026|ویب ڈیسک

 کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت، وعدوں کی تکمیل، میرٹ کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار یقینی بنانے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کو ایسے نتائج فراہم کرنا ہے جن سے ان کی زندگیوں میں حقیقی بہتری آسکے۔وزیراعلیٰ نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں ماڈل سیکنڈری اسکول میر غلام قادر بگٹی کے زیر تعمیر منصوبے کا دورہ کیا اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں اور سرکاری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور انتظامی مشینری نے موجودہ حکومت کے دور میں بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون سے عوامی خدمت اور ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برس کے دوران ان اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ پاک فوج، فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس اور دیگر اداروں کے افسران و اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولوں کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ تعلیمی اداروں کی عمارتیں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مختص ہیں، اس لیے انہیں مہمان خانوں یا دیگر غیر متعلقہ مقاصد کے بجائے تدریسی سرگرمیوں کے لیے فعال رکھا جائے گا۔ اسکولوں کی بحالی اور تعلیمی عمل کا تسلسل یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تعلیم کے ساتھ صحت کے شعبے میں بھی متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن سے لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ صحت کارڈ کی سہولت، نئے اسپتالوں کے قیام اور علاج معالجے کی سہولیات میں بہتری کے ذریعے عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جن کا وفاقی حکومت اور عالمی فورمز پر بھی اعتراف کیا گیا ہے۔ صوبے میں ہزاروں اساتذہ بھرتی کرکے تدریسی نظام کو مضبوط بنایا گیا، جبکہ طویل عرصے سے بند سیکڑوں سرکاری اسکول دوبارہ کھولے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ریکارڈ تعداد میں وظائف دیے گئے ہیں، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر مستقبل میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت تعلیم، صحت، امن و امان اور عوامی فلاح کے شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور تمام اقدامات میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔