وفاق اور خیبرپختونخوا میں عبوری مالیاتی معاہدہ طے، سالانہ 157 ارب روپے ملیں گے
اسلام آباد( اباسین خبر) وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کے لیے قائم نامزد سیاسی و انتظامی سیٹ اپ کے درمیان عبوری مالیاتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت قومی اہمیت کے منصوبوں اور دیگر اخراجات کے لیے صوبہ وفاق کو سالانہ 157 ارب روپے نقد گرانٹ فراہم کرے گا۔معاہدے کے مطابق چاروں صوبے قومی اقتصادی منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات کی مد میں مجموعی طور پر سالانہ 1035 ارب روپے دیں گے۔ اس میں پنجاب کا حصہ 556 ارب روپے، سندھ کا 264 ارب روپے، خیبرپختونخوا کا 157 ارب روپے اور بلوچستان کا 58 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔عبوری معاہدے کے تحت وفاق کی جانب سے جولائی سے اکتوبر کے دوران خیبرپختونخوا کے قومی مالیاتی کمیشن میں حصے سے منہا کیے گئے 17.8 ارب روپے کو بھی قانونی تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ معاہدے پر رواں ماہ کے آغاز میں دستخط کیے گئے۔ صوبائی ایڈوائزری کونسل کے مشیر برائے خزانہ و محصولات طارق پاشا نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت صوبے اور وفاق کے درمیان نقد گرانٹ کی فراہمی کا معاہدہ ہوا ہے۔وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ، یعنی جولائی سے اکتوبر تک، چاروں صوبوں نے وفاق کو مجموعی طور پر 107.3 ارب روپے فراہم کیے، جو سالانہ طے شدہ رقم کا 10.3 فیصد ہے۔ اس دوران پنجاب نے 55.7 ارب، سندھ نے 27.3 ارب، خیبرپختونخوا نے 17.8 ارب اور بلوچستان نے 6.5 ارب روپے دیے۔جون میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے تحت یہ رقوم قومی اہمیت کے منصوبوں اور سیکیورٹی اخراجات پر خرچ کی جانی ہیں۔ وفاقی حکومت رواں ماہ آبی شعبے کے 6 ترجیحی منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی منظوری بھی دے چکی ہے۔وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے بعد اس کے مالی وسائل پر دباؤ بڑھا ہے، کیونکہ وفاقی محصولات میں صوبوں کا حصہ 57.5 فیصد کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب سرکاری اعدادوشمار کے مطابق وفاق نے گزشتہ 16 برسوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر 3500 ارب روپے خرچ کیے، جبکہ آڈیٹر جنرل پاکستان کے مطابق 2010 سے اب تک صوبائی دائرہ اختیار کے شعبوں پر وفاقی اخراجات 8500 ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔بلوچستان کی جانب سے 58 ارب روپے کی مالی معاونت دو شرائط سے مشروط ہے۔ ان میں وفاقی بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 15264 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کا حصول اور صوبے کو گزشتہ سال کے برابر 737 ارب روپے کا حصہ ملنا یقینی بنانا شامل ہے۔خیبرپختونخوا کے سابق مشیر خزانہ مزمل اسلم نے پہلے سہ ماہی کے مالیاتی اعدادوشمار میں صوبے کے حصے سے 12.7 ارب روپے کی کٹوتی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت نے اپنے بجٹ میں نقد گرانٹ شامل نہیں کی تھی، اس لیے وفاق نے یہ رقم یکطرفہ طور پر منہا کی۔ وزارت خزانہ کے مطابق سندھ نے پہلے 3 ماہ میں 8.5 ارب روپے ادا کیے تھے، تاہم اکتوبر تک اس کی مجموعی ادائیگی 27.3 ارب روپے ہوگئی، جو قومی مالیاتی کمیشن میں اس کے مقررہ حصے کے تناسب سے ہے۔