بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے، شاہد رند
کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کو ملکی اور عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری و تجارت نمائش 2026 کے سلسلے میں کوئٹہ کے صحافیوں اور سماجی ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر عبدالمنان، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد، وزیراعلیٰ کے پریس سیکریٹری شیخ عبدالرزاق اور سینئر صحافی بھی موجود تھے۔شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل، مواقع اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صوبے میں ذمہ دار صحافت کی مضبوط روایت موجود ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے صحافتی حلقوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو فعال ادارہ بنانے اور کوئٹہ کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کو کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے پر بلال خان کاکڑ کی کوششوں کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ نمائش 2026 کی نمایاں خصوصیت بلوچستان میں تیار کردہ مصنوعات پر توجہ دینا ہے، جس کے ذریعے مقامی صنعت کاروں، کاروباری افراد، چھوٹے کسانوں اور ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کا میڈیا سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔بلال خان کاکڑ نے بتایا کہ 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی نمائش کا بنیادی مقصد بلوچستان کی مقامی صنعت، کاروباری طبقے، چھوٹے کسانوں اور ہنرمندوں کی مصنوعات کو متعارف کرانا اور انہیں ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس میں ملک کے مختلف شہروں سے ممتاز صنعت کار اور کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نوجوانوں میں کاروبار اور خود روزگاری کے رجحان کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔ نوجوانوں کو ملازمت کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کی جانب بھی راغب کرنا ضروری ہے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق نمائش کے بعد بلوچستان ڈیجیٹل نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس میں گزشتہ ڈھائی سال کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے مختلف محکموں اور شعبوں میں کی گئی ڈیجیٹل تبدیلیوں اور اصلاحات کو اجاگر کیا جائے گا۔بلال خان کاکڑ نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی کوششوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے وفاقی محکموں میں 25 ہزار ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 5500 نوجوانوں کے انٹرویوز شروع کیے جا رہے ہیں، جبکہ کامیاب امیدواروں کو تقرری کی پیشکش کے خطوط جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد نے نمائش کی کوریج کے لیے میڈیا کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سینئر صحافی رضاالرحمن نے کہا کہ 24 سال بعد اس نوعیت کی نمائش کا انعقاد ایک تاریخی موقع ہے اور صوبے کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔