ببرک شاہ کے گھر پراسرار واقعات، خوف کے باعث اکیلے سونا چھوڑ دیا
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے اپنے سابقہ گھر میں پیش آنے والے پراسرار اور خوفناک واقعات سے متعلق حیران کن انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مسلسل غیر معمولی سرگرمیوں کے باعث وہ اس قدر خوفزدہ ہوگئے تھے کہ تنہا سونا بھی ان کے لیے مشکل ہوگیا تھا۔تابش ہاشمی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ گھر میں کئی ایسے واقعات پیش آئے جنہوں نے انہیں شدید خوف میں مبتلا کردیا۔ ان کے مطابق جب بھی وہ اپنا موبائل فون چارجنگ پر لگاتے تو کچھ دیر بعد وہ اپنی جگہ سے غائب ہوکر کسی دوسری جگہ رکھا ہوا ملتا تھا۔ببرک شاہ نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ وہ بیٹھ کر کام کررہے تھے کہ اچانک غسل خانے میں پانی خارج کرنے والے نظام کے چلنے کی آواز سنائی دی، حالانکہ اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔اداکار کے مطابق رات کو سونے کی کوشش کے دوران انہیں کبھی محسوس ہوتا کہ کوئی ان کی ٹانگیں کھینچ رہا ہے یا ہلا رہا ہے، جبکہ بعض اوقات ایسا بھی لگتا جیسے کوئی ان کے بالوں میں انگلیاں پھیر رہا ہو۔انہوں نے سب سے خوفناک تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک رات انہیں محسوس ہوا جیسے ان کا جسم بستر سے چند انچ اوپر اٹھ گیا ہو، تاہم آنکھیں کھولنے اور ہوش میں آنے کے بعد جسم آہستہ آہستہ دوبارہ بستر پر آگیا۔ اس واقعے کے بعد انہیں گمان ہوا کہ گھر میں موجود غیر مرئی مخلوق کا قد چھوٹا تھا۔ببرک شاہ نے مزید بتایا کہ گھر کے دروازے بھی زور زور سے ہلتے تھے، جس سے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کوئی ان کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کررہا ہو۔ ان واقعات سے خوفزدہ ہوکر انہوں نے اکیلے سونا چھوڑ دیا اور راتیں اپنی بہنوں کے کمرے میں گزارنے لگے۔اداکار کے مطابق انہوں نے اس صورتحال سے نجات کے لیے باقاعدگی سے اذان دینا اور نماز ادا کرنا شروع کردی، لیکن واقعات کا سلسلہ جاری رہنے پر بالآخر اہل خانہ نے وہ گھر چھوڑ کر کسی دوسری جگہ منتقل ہونے کا فیصلہ کرلیا۔