گورنر راج کی کوآرڈینیشن کمیٹی میں شمولیت پر اے این پی رہنما معطل
پشاور ( اباسین خبر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اقتدار کے بجائے اصولوں کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور گورنر راج کے تحت قائم کسی بھی کوآرڈینیشن کمیٹی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ایک بیان میں ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں میں شامل ہونے والے افراد کا اے این پی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق کمیٹی کا حصہ بننے پر پارٹی کے ایک رہنما کی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج نافذ کرتے وقت جو مقاصد بیان کیے گئے تھے، ان کے حصول کے لیے اب تک کوئی عملی پیش رفت دکھائی نہیں دی۔ امن و امان کے قیام اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر اور صوبے میں دہشت گردی کی واپسی کے ذمہ داروں کے احتساب کے لیے بھی تاحال کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔