علی امین گنڈاپور کا قید کارکنوں کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا اعلان
ڈیرہ اسماعیل خان( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جیلوں میں قید کارکنوں کے اہل خانہ کی مالی معاونت کرتے ہوئے ہر خاندان کو 50 ہزار روپے فراہم کیے ہیں۔سابق وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز مغل کے مطابق یہ رقم علی امین گنڈاپور اپنی ذاتی جیب سے ادا کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے کسی سرکاری خزانے سے فنڈز استعمال نہیں کیے جا رہے۔فراز مغل کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور مشکل حالات میں اپنے کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا ہے کہ انہیں کسی بھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ترجمان کے مطابق فی خاندان 50 ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے کا مقصد قید کارکنوں کے اہل خانہ کو درپیش مالی مشکلات میں سہارا دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکن تحریک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور سابق وزیراعلیٰ ان کی قربانیوں اور وفاداریوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کارکنوں کے خاندانوں کی مالی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔