سست اوور ریٹ، بھارت اور ویسٹ انڈیز پر جرمانہ عائد
نیو چندی گڑھ( سپورٹس ڈیسک)بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں سست اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر بھارت کی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ وقت کی رعایت کو شامل کرنے کے بعد بھارت چار اوورز جبکہ ویسٹ انڈیز دو اوورز کم کر سکی۔آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رکن پرکاش بھٹ نے دونوں ٹیموں پر جرمانہ عائد کیا۔ دونوں کپتانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزائیں قبول کرلیں، اس لیے باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔بھارت نے تین میچوں کی سیریز 0-2 سے پہلے ہی جیت لی تھی، تاہم آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 352 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ شائے ہوپ نے ناقابل شکست 162 رنز کی اننگز کھیلی، جو ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا کامیابی سے حاصل کیا گیا سب سے بڑا ہدف ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 6 اکتوبر سے شروع ہوگی۔