بلوچستان کا مستقبل کتاب تھامنے والے نوجوان ہیں، بندوق اٹھانے والے نہیں: سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر)حکومت بلوچستان نے ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت دنیا کی 100 سے زائد معروف جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کیلئے رواں سال امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔حکومت کے مطابق پروگرام کے تحت ہر سال بلوچستان کے 10 باصلاحیت نوجوانوں کو بیرون ملک ممتاز جامعات میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم کیلئے وظائف دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدید علمی مواقع فراہم کرنا اور انہیں عالمی سطح پر مقابلے کیلئے تیار کرنا ہے۔بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر خالد ماندائی نے بتایا کہ گزشتہ سال صوبے کے 6 نوجوانوں نے مختلف ممالک کی معروف جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس حاصل کیں۔ ان طلبہ کو برطانیہ، ڈنمارک، کینیڈا، آسٹریلیا اور ملائیشیا کی جامعات میں مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف دیے گئے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر بلوچستان کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان مواقع کے حصول میں دنیا سے پیچھے نہیں رہیں گے، جبکہ معروف عالمی جامعات ان کی منزل بنیں گی۔ یہ وظائف صرف تعلیمی سہولت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے امید، علم اور ترقی کے نئے راستے کھولنے کی کوشش ہیں۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم، شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دے کر کیا جاسکتا ہے۔ بلوچستان کا مستقبل بندوق اٹھا کر پہاڑوں میں چھپنے والوں کا نہیں بلکہ کتاب تھام کر دنیا کی ممتاز جامعات میں علم و تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے والے نوجوانوں کا ہے۔وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرکے انہیں علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلائے گی۔ ان کے مطابق نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم پر سرمایہ کاری کے مثبت اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔