شان مینڈس کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، غزہ میں تشدد فوری روکنے کا مطالبہ

شان مینڈس کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، غزہ میں تشدد فوری روکنے کا مطالبہ

Nov 13, 2026|ویب ڈیسک

ٹورنٹو (شوبز ڈیسک) معروف کینیڈین گلوکار شان مینڈس نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں جاری تشدد اور معصوم شہریوں کی ہلاکتیں فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک تفصیلی پیغام میں فلسطینی بچوں اور خاندانوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل عام اب ختم ہونا چاہیے۔شان مینڈس کا کہنا تھا کہ فلسطینی بچے اور خاندان طویل عرصے سے مشکلات اور مصائب کا سامنا کررہے ہیں، انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود بھی اس تنازعے اور اس سے متعلق حالات کو سمجھنے کے لیے معلومات حاصل کررہے ہیں۔ گلوکار نے دوسرے فنکاروں، دوستوں اور مداحوں کو بھی اس معاملے سے آگاہی حاصل کرنے کی ترغیب دی۔شان مینڈس نے ان فلاحی اداروں کے نام بھی شیئر کیے جنہیں وہ عطیات دے چکے ہیں۔ ان میں فلسطینی بچوں کا امدادی فنڈ، واٹرمیلون پکچرز اور ووون فیوچرز فنڈ شامل ہیں۔انہوں نے مداحوں پر زور دیا کہ وہ عطیات دینے، دوسروں تک درست معلومات پہنچانے اور متعلقہ حکام سے جواب طلب کرنے جیسے اقدامات میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے متاثرہ فلسطینیوں کی مدد ممکن بنائی جاسکتی ہے۔