فردوس جمال اور عظمیٰ گیلانی کی طویل عرصے بعد جذباتی ملاقات، ویڈیو وائرل
لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستان ٹیلی ویژن کے 2 سینئر اور نامور فنکاروں فردوس جمال اور عظمیٰ گیلانی کی کئی برس بعد ہونے والی ملاقات نے مداحوں کو جذباتی کردیا، دونوں کی یادگار لمحات پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔دونوں فنکاروں نے 1970ء کی دہائی میں ریڈیو، تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 1979ء سے 1980ء کے دوران نشر ہونے والے معروف ڈرامے ’’وارث‘‘ میں بھی ایک ساتھ اداکاری کی، جس میں عظمیٰ گیلانی نے ذکیہ غلام علی جبکہ فردوس جمال نے چوہدری انور علی کا کردار نبھایا تھا۔اس کے علاوہ دونوں فنکار 1981ء کے مقبول ڈرامے ’’دہلیز‘‘ میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔ زندگی میں دونوں ہی کینسر جیسے موذی مرض کا مقابلہ کرنے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔عظمیٰ گیلانی ان دنوں آسٹریلیا سے پاکستان آئی ہوئی ہیں اور لاہور میں اپنے فنکار ساتھیوں سے ملاقاتیں کررہی ہیں۔ اسی دوران ان کی اپنے دیرینہ ساتھی فردوس جمال سے ملاقات ہوئی، جس کے جذباتی اور یادگار مناظر اداکار نورالحسن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیے۔ملاقات کے دوران عظمیٰ گیلانی نے فردوس جمال کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد مداحوں نے دونوں فنکاروں کے لیے محبت اور احترام کا اظہار کیا ہے۔ متعدد مداحوں نے حکومت پاکستان سے فردوس جمال کی دیکھ بھال کی اپیل کرتے ہوئے انہیں قومی اثاثہ قرار دیا، جبکہ عظمیٰ گیلانی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔