جاسوس مائیک ہیمر کے کردار سے شہرت پانے والے اداکار اسٹیسی کیچ انتقال کرگئے
لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) امریکی ٹیلی وژن کی مشہور سیریز ’’مائیک ہیمر‘‘ میں جاسوس کا مرکزی کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار اسٹیسی کیچ 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسٹیسی کیچ نے گھر پر آخری سانس لی۔ وہ طویل عرصے سے دل کے سنگین عارضے اور دل کے دورے کے اثرات سے متاثر تھے۔ ان کی اہلیہ مالگوشیا ٹوماسی کیچ نے بھی ان کی طویل بیماری کی تصدیق کی۔اسٹیسی کیچ کو جاسوسی پر مبنی ٹیلی وژن سیریز ’’مائیک ہیمر‘‘ میں مرکزی کردار سے بین الاقوامی شہرت ملی، جبکہ شیکسپیئر کے کلاسیکی ڈراموں میں ان کی اداکاری کو بھی بے حد سراہا گیا۔1984ء میں ان کی زندگی کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ان کے سامان سے چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ عدالت نے انہیں 9 ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم وہ 6 ماہ بعد رہا ہوگئے۔ رہائی کے بعد انہوں نے دوبارہ اداکاری کا آغاز کیا اور منشیات کے خلاف آگاہی مہم میں بھی حصہ لیا۔1988ء میں ٹیلی وژن کی مختصر سیریز ’’ہیمنگوے‘‘ میں معروف امریکی ادیب ارنسٹ ہیمنگوے کا کردار ادا کرنے پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کی آخری فلمی پیشکش جارج کلونی کی 2025ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’جے کیلی‘‘ تھی۔