شاہد آفریدی سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے سفیر کھیل مقرر
کراچی( سپورٹس ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کرکٹ کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کردیا گیا۔اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے چیئرمین، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی اطلاعات و تعلقات عامہ، کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران شاہد خان آفریدی کو سفیر کھیل مقرر کیے جانے کی سند پیش کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد آفریدی نے ایک دوسرے کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔آئی جی سندھ نے شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر انہوں نے ادارے کو بڑے اعزاز سے نوازا ہے۔ سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے اور پولیس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد ایک دیرینہ خواہش تھی، جو کاروباری برادری کے تعاون سے پوری ہوئی۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں منشیات کے استعمال سے دور رکھنا ہے۔ انہوں نے تعاون کرنے والی کاروباری برادری کا بھی شکریہ ادا کیا۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس ٹیموں کو شامل کرکے کھیلوں کا ایک بڑا میلہ منعقد کیا جائے گا۔شاہد خان آفریدی نے کہا کہ وہ کراچی میں پیدا ہوئے اور بچپن میں سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوکر کھیلنا ان کا خواب تھا۔ اس وقت سندھ پولیس کی تین کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں۔سابق کپتان نے کہا کہ سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر ہونا ان کے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ وہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور کھیلوں کے فروغ سمیت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔قبل ازیں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شاہد خان آفریدی سے ملاقات بھی کی، جس میں سندھ پولیس میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔