جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ، نقل و حرکت پر پابندی
جنوبی وزیرستان( اباسین خبر) ضلعی انتظامیہ نے جنوبی وزیرستان کے بالائی اور زیریں اضلاع کے مختلف علاقوں میں آج 5 ستمبر 2026ء کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جنوبی وزیرستان زیریں کی تحصیل وانا کے مختلف علاقوں، وانا بازار، وانا بائی پاس اور اہم شاہراہوں پر کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔دوسری جانب جنوبی وزیرستان بالائی کی تحصیل سرویکئی اور سراروغہ میں بھی کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران مذکورہ علاقوں کے تمام بازار اور مارکیٹیں بند رہیں گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران صرف منظور شدہ ہنگامی سفر کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے لیے پولیس یا سکیورٹی فورسز سے اجازت لینا ضروری ہوگا۔انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ انتہائی ضروری سفر کی صورت میں شناختی کارڈ اور گاڑی کے تمام ضروری کاغذات اپنے ہمراہ رکھیں۔شہریوں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں گاڑیوں کو مقررہ فاصلے پر روکیں اور اہلکاروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ شخص پر عائد ہوگی۔