بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس دو روز کیلئے معطل، مسافر پریشان

بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس دو روز کیلئے معطل، مسافر پریشان

Sep 5, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) بلوچستان سے اندرون ملک چلنے والی ٹرین سروس دو روز کے لیے معطل کردی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے پٹڑی کی مرمت کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی، جبکہ آج پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس معطل ہونے اور جعفر ایکسپریس کی منزل محدود کیے جانے کے باعث کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی جانے والی بولان میل اور چمن جانے والی چمن مسافر ٹرین بھی گزشتہ 6، 6 ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث صوبے کے مسافروں کو پہلے ہی سفری مشکلات کا سامنا ہے۔