پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، تمام جنگیں رکوانا میرے لیے اعزاز ہے، ٹرمپ

پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، تمام جنگیں رکوانا میرے لیے اعزاز ہے، ٹرمپ

Oct 24, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان 2025 میں ہونے والی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا تھا کہ جنگ نہ روکنے کی صورت میں تجارتی پابندیاں اور بھاری ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں 8 جنگیں رکوائیں، لیکن اس کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہیں دیا گیا۔ٹرمپ کے مطابق ان جنگوں میں سے 5 کو ٹیرف کے ذریعے رکوانے میں کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں اور انہوں نے دونوں ممالک سے کہا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی گئی تو امریکا ان پر بھاری ٹیرف عائد کردے گا اور تجارت بند کردی جائے گی۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگیں رکوانے میں اقوام متحدہ نے مدد نہیں کی، جبکہ تمام جنگیں رکوانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف ایک اور آپریشن کرسکتا ہے، تاہم امریکا اس جنگ کو جلد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے بقول سوال یہ ہے کہ جنگ ختم کردی جائے یا ایران کو مزید کمزور ہونے دیا جائے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے سے نمٹنے کے بعد کیوبا کے معاملے پر بھی توجہ دی جائے گی اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔آبنائے ہرمز کے حوالے سے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہاں سے تیل کی ترسیل جاری ہے اور امریکا اپنی مرضی کے مطابق تیل نکال رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے آج جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل برآمد کیا جارہا ہے۔