عالمی معیشت غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی معیشت اس وقت غیر یقینی صورتِ حال کا شکار ہے، جبکہ دنیا میں جاری تنازعات کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پاکستان میں معاشی بہتری کا سفر جاری ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے عمل میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، جبکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ دیگر منڈیوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے بانڈز میں یورپ اور امریکا کے سرمایہ کار بھی دلچسپی لے رہے ہیں، جو ملکی مالیاتی منڈیوں کے لیے اہم پیش رفت ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ معاشی نظام کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔