امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل نہیں ہونے دیں گے، ایرانی فوج
تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی مسلح افواج کے سربراہ علی عبداللہی نے کہا ہے کہ امریکی بحری جہازوں کو دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علی عبداللہی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ سوچنا محض ایک خواب ہے کہ امریکی فوج اور بحریہ دوبارہ خلیجِ فارس میں داخل ہوں گی۔ ان کے بقول، امریکی صدر یہ خواب ہمیشہ کے لیے اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے۔ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے مزید کہا کہ کسی بھی صورت اور کسی بھی وقت امریکی فوجی جہازوں کو خلیجِ فارس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس سے ایک روز قبل ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج آبنائے ہرمز سے 600 سے 700 کلومیٹر دور چلی گئی ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے دھماکوں اور جہازوں پر حملوں سے متعلق جعلی خبریں پھیلا کر امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتیں بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب آبنائے ہرمز سے زیادہ تیل گزر رہا ہے، تاہم ایران تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدام کررہا ہے۔