بلوچستان میں چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ڈیرہ بگٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامی یونٹس چھوٹے ہونے سے عوام تک رسائی آسان ہوگی۔ بلوچستان کے مخصوص حالات کے پیش نظر انتظامی ڈھانچے کو عوامی ضروریات کے مطابق تشکیل دینا ضروری ہے۔سرفراز بگٹی نے بتایا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور افسران و عملے کو جلد تعینات کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رکھنی میں ترقیاتی عمل شروع ہوچکا ہے اور حکومت اسے ایک مثالی ڈویژن بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کرے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میں خوارج کا حملہ ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی قابلِ تحسین ہے۔