بلوچستان کی صنعتی ترقی میں اہم پیش رفت، پہلی ڈیجیٹل اسٹیل مل نے کام شروع کردیا
کوئٹہ ( اباسین خبر)بلوچستان میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صوبے کی پہلی ڈیجیٹل اسٹیل مل نے کام شروع کردیا ہے۔کوئٹہ کے ایسٹرن بائی پاس انڈسٹریل زون میں تقریباً 300 مختلف اشیا تیار کرنے والی صنعتیں قائم ہیں۔ اسی صنعتی زون میں قائم جدید اسٹیل مل میں خودکار نظام کے تحت روزانہ 500 ٹن سریا تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔اسٹیل مل میں عالمی معیار کے مطابق 60 گریڈ کا سریا تیار کیا جارہا ہے، جو تعمیراتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔اسٹیل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین اللہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر صوبے میں اسٹیل مل کا قیام انتہائی فائدہ مند ہے۔جدید ڈیجیٹل اسٹیل یونٹ کے قیام سے بلوچستان، بالخصوص کوئٹہ کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔