سبالینکا میچ کے دوران چرس کی تیز بو سے پریشان ہوگئیں
لاہور( سپورٹس ڈیسک) ٹینس کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی سبالینکا کو میچ کے دوران تماشائیوں میں موجود کسی شخص کی جانب سے چرس پینے پر مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بیلاروس کی ٹینس کھلاڑی سبالینکا تیسرے مرحلے کے میچ میں ازبکستان کی کمیلا رحیمووا کے خلاف میدان میں موجود تھیں۔میچ کے آغاز میں سبالینکا نے تین صفر کی برتری حاصل کرلی۔ اس دوران جب وہ اپنی سروس کرنے کی تیاری کر رہی تھیں تو انہیں کورٹ کے قریب سے چرس کی تیز بو محسوس ہوئی۔سبالینکا نے فوراً میچ کی امپائر ایوا اسڈیراکی مور کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کورٹ کے قریب بو اتنی زیادہ ہے کہ کھیل پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہورہا ہے۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سبالینکا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ انہیں لوگوں کے تفریح کرنے یا سکون حاصل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم ان کی درخواست ہے کہ لوگ ٹینس کورٹ کے بالکل قریب ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ تیز ہوا کے باعث بو کورٹ تک پہنچ رہی تھی، جس کی وجہ سے کھلاڑی کے لیے میچ کے دوران اپنی پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔