جم کے لباس میں نامناسب تصاویر پر جھانوی کپور کا پاپارازیوں سے رابطہ

جم کے لباس میں نامناسب تصاویر پر جھانوی کپور کا پاپارازیوں سے رابطہ

Oct 22, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے جم کے لباس میں اپنی نامناسب تصاویر کھینچنے پر پاپارازی فوٹوگرافروں سے ملاقات کرکے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ اداکارہ نے اس معاملے پر بات چیت کے لیے فوٹوگرافروں سے بند کمرے میں ملاقات کی۔ جھانوی کپور ماضی میں بھی مشہور شخصیات کی اجازت کے بغیر تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر تنقید کر چکی ہیں۔ایک پاپارازی فوٹوگرافر نے صحافیوں کو بتایا کہ ملاقات کے دوران جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ لوگ بھی روزانہ جم سے باہر نکلتے ہوئے اداکاروں کی تصاویر دیکھ کر اکتا چکے ہیں۔ اداکاروں کا اصل کام فلموں میں نظر آنا ہے، اس لیے وہ نہیں چاہتیں کہ اس نوعیت کی تصاویر بار بار سوشل میڈیا پر شیئر کی جائیں۔فوٹوگرافر کے مطابق اداکارہ نے درخواست کی کہ کچھ عرصے کے لیے جم سے باہر نکلتے وقت ان کی تصاویر بنانے کا سلسلہ روک دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام پر ایسی تصاویر کے نیچے نامناسب اور نازیبا تبصرے کیے جاتے ہیں۔پاپارازی فوٹوگرافر نے جھانوی کپور کے رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے ہمیشہ ان سے احترام کے ساتھ بات کی ہے اور اس ملاقات میں بھی ان کا انداز خوش اخلاقی پر مبنی تھا۔جھانوی کپور کے علاوہ مرونال ٹھاکر اور سلمان خان سمیت کئی بھارتی فنکار بھی قابلِ اعتراض ویڈیوز اور نامناسب انداز میں تصاویر بنانے کے خلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔واضح رہے کہ جھانوی کپور ان دنوں ہدایت کار راج مہتا کی فلم ’لگ جا گلے‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 14 مئی 2027ء کو ریلیز ہونے والی ہے۔