مسلمان ہوں مگر نماز نہیں پڑھتی، مذہب میں دلچسپی نہیں، شبانہ اعظمی
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں، تاہم نماز ادا نہیں کرتیں اور نہ ہی مذہب کے بارے میں جاننے میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں جاوید اختر کی اہلیہ شبانہ اعظمی نے مذہب سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک مذہب ذاتی معاملہ ہے اور ریاست کو اس میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔اداکارہ کے مطابق ان کے والد خدا کے وجود پر یقین نہیں رکھتے تھے، جبکہ ان کی والدہ مسلمان تھیں اور مذہبی رسومات پر محدود حد تک عمل کرتی تھیں۔ ان کی والدہ روزمرہ گفتگو میں ’’ماشاءاللہ‘‘ اور ’’ان شاءاللہ‘‘ جیسے الفاظ استعمال کرتی تھیں، تاہم ان کے شوہر جاوید اختر، جو خود بھی خدا کے وجود کے قائل نہیں، اکثر ان الفاظ کے استعمال پر اعتراض کرتے ہیں۔شبانہ اعظمی نے بتایا کہ جب وہ کبھی ’’ماشاءاللہ‘‘ یا ’’ان شاءاللہ‘‘ کہتی ہیں تو جاوید اختر پوچھتے ہیں کہ وہ بار بار ایسا کیوں کہتی ہیں۔ وہ مثال دیتے ہیں کہ اگر کوئی شخص ہر وقت ’’پربھو جی کی مرضی‘‘ کہتا رہے تو انہیں کیسا محسوس ہوگا؟ تاہم اداکارہ کے مطابق یہ الفاظ ان کی زبان کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کبھی مذہب کے بارے میں جاننے یا اس میں گہری دلچسپی لینے کا خیال نہیں آیا۔ وہ مسلمان ہیں اور انہیں عید، اردو زبان اور برصغیر کے کھانے پسند ہیں، لیکن وہ نماز نہیں پڑھتیں اور مذہب سے ان کا تعلق روایتی مذہبی طرزِ عمل جیسا نہیں ہے۔شبانہ اعظمی نے اس بات پر زور دیا کہ مذہب ہر فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور ریاست کو شہریوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔