بہن بھائیوں کا موازنہ اور حسد رشتوں میں دوریاں بڑھا سکتا ہے، ونیزہ احمد
کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستانی ماڈل، اداکارہ اور میزبان ونیزہ احمد نے کہا ہے کہ خاندان میں بچوں کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنے اور حسد جیسے جذبات کو فروغ دینے سے خاندانی رشتے متاثر ہو سکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں ونیزہ احمد نے مختلف رشتوں میں حسد پیدا ہونے کی وجوہات اور اپنے جذبات کو سمجھنے کی اہمیت پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے افراد کو اپنے رویوں اور احساسات کا جائزہ لینا چاہیے۔خاندانی معاملات پر بات کرتے ہوئے ونیزہ احمد نے کہا کہ والدین بعض اوقات انجانے میں بہن بھائیوں، کزنز اور خاندان کے دیگر بچوں کا آپس میں موازنہ کرتے ہیں، جس سے ان کے درمیان ناراضی اور حسد پیدا ہوسکتا ہے۔ان کے مطابق اس طرح کا رویہ رشتوں پر طویل عرصے تک منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے اور بچوں میں غیر صحت مند مسابقت کو جنم دیتا ہے۔ونیزہ احمد نے زور دیا کہ بچوں کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنے کے بجائے ان کی انفرادی صلاحیتوں اور خوبیوں کو سراہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بچپن ہی سے ایک دوسرے کو قبول کرنے، انفرادی خوبیوں کی قدر کرنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے سے خاندان میں حسد کو پنپنے سے روکا جاسکتا ہے۔