نور زمان نے عالمی نمبر 4 کو ہرا کر سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
کیلیفورنیا( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی نور زمان نے امریکا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن میں دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر 4 مصری کھلاڑی کریم عبدالجواد کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔کیلیفورنیا کے شہر ریڈووڈ سٹی میں کھیلے گئے مقابلے میں 22 سالہ نور زمان نے 52 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد کریم عبدالجواد کو 1-3 سے زیر کیا۔ انہوں نے 9-11، 7-11، 11-9 اور 6-11 کے اسکور سے کامیابی حاصل کرکے ایونٹ میں بڑا اپ سیٹ کردیا۔ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالر ہے۔میچ کے بعد نور زمان نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل تیار تھے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے پوتے ہیں اور 2025 میں انڈر 23 عالمی چیمپئن بنے تھے۔ انہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ پی ایس اے ٹائٹلز اپنے نام کیے اور عالمی درجہ بندی کے ابتدائی 30 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔دوسری جانب پاکستان کے محمد اشعب عرفان کو پری کوارٹر فائنل میں مصر کے محمد الشوربگی کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوگئے۔