جھوٹ پھیلانا بند کریں، عثمان خواجہ نے وائرل پوسٹ کی حقیقت بتا دی
لاہور ( سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے سابق کرکٹر عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے منسوب ایک وائرل پوسٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔سوشل میڈیا پر عثمان خواجہ کی ایک پرانی ٹوئٹ کو فرانس میں ہونے والے احتجاج کی تصویر کے ساتھ جوڑ کر شیئر کیا جا رہا ہے۔ تصویر میں ایک شخص کو فلسطینی پرچم اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ کرکٹر کا پرانا پیغام بھی شامل کیا گیا ہے۔اس پیغام میں کہا گیا تھا کہ وہ اس لمحے کے منتظر ہیں جب فلسطینی پرچم ہر جگہ لہراتے دکھائی دیں گے۔زیرِ گردش پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے عثمان خواجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر واضح کیا کہ ان کی ٹوئٹ کو موجودہ احتجاج سے جوڑنا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پیغام انہوں نے دو سال قبل ایک فٹ بال میچ کے حوالے سے لکھا تھا اور لوگوں کو جھوٹی معلومات پھیلانا بند کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اصل ٹوئٹ 10 جون 2024ء کو کی تھی، جسے اب فرانس میں جاری احتجاج کی تصویر کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب فرانس میں گزشتہ کئی ہفتوں سے عوامی خدمات اور تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ بعض مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات بھی پیش آئے، جبکہ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔