ایشین پیرا گیمز: جنسی ہراسانی کے الزام پر بھارتی ایتھلیٹ جاپان سے ڈی پورٹ

ایشین پیرا گیمز: جنسی ہراسانی کے الزام پر بھارتی ایتھلیٹ جاپان سے ڈی پورٹ

Oct 22, 2026|ویب ڈیسک

لاہور  ( سپورٹس ڈیسک) جاپان میں جاری ایشین پیرا گیمز کے دوران جنسی ہراسانی اور دست درازی کے الزامات کا سامنا کرنے والے بھارتی پیرا سوئمر محمد شمس عالم شیخ کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے بعد بھارت واپس بھیج دیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ کھلاڑی پر الزام ہے کہ انہوں نے پیر کے روز ہوٹل میں صفائی کے لیے آنے والی خاتون ملازمہ کو ہراساں کیا۔ یہ واقعہ جاپان کے شہر ناگویا میں پیش آیا، جہاں ایشین پیرا گیمز جاری ہیں۔رپورٹس کے مطابق واقعے کی شکایت مقامی انتظامی کمیٹی اور بھارتی وفد کے حکام تک پہنچائی گئی، جس کے بعد جاپانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایتھلیٹ کو حراست میں لیا اور بعد ازاں انہیں بھارت واپس بھیج دیا۔بھارتی پیرا لمپک کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمس عالم کے خلاف تادیبی کارروائی اور تاحیات پابندی عائد کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔تاہم، الزامات کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، اس لیے انہیں جرم ثابت ہونے کے مترادف قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بھارتی حکام کھیلوں کے اختتام کے بعد اس معاملے میں مزید کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔بہار سے تعلق رکھنے والے شمس عالم 2024 میں مردوں کے 100 میٹر بٹر فلائی ایس 5 اور 50 میٹر بریسٹ اسٹروک ایس بی 4 مقابلوں میں عالمی نمبر ایک رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2018 کے ایشین پیرا گیمز میں 200 میٹر اور 50 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلوں میں طلائی تمغے بھی جیتے تھے۔