شاہ رخ خان دولت میں کمی کے باوجود بھارت کے امیر ترین اداکار برقرار

شاہ رخ خان دولت میں کمی کے باوجود بھارت کے امیر ترین اداکار برقرار

Sep 25, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی فلمی دنیا کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی مجموعی دولت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً2490کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے، تاہم وہ اب بھی بھارت کے سب سے دولت مند اداکار ہیں۔ہورون انڈیا کی ۲۰۲۶ء کی دولت مند شخصیات کی فہرست کے مطابق شاہ رخ خان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت کم ہو کر تقریباً10ہزار کروڑ روپے رہ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ رقم12ہزار 490کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔فہرست میں شاہ رخ خان کے بعد امیتابھ بچن 4ہزار کروڑ، سلمان خان 3 ہزار کروڑ اور ریتک روشن 2500کروڑ روپے کے اثاثوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کی دولت میں فلموں اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی کے علاوہ ان کے کاروباری اداروں ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نائٹ رائیڈرز اسپورٹس سے حاصل ہونے والی آمدن بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’’کنگ‘‘ کی تیاری میں مصروف ہیں، جو ۲۴ دسمبر ۲۰۲۶ء کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم میں دیپیکا پڈوکون، شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اور ابھے ورما بھی شامل ہیں، جبکہ ابھیشیک بچن منفی کردار ادا کریں گے۔