خطے میں امن کیلئے پاکستان بھرپور کردار ادا کررہا ہے:شہباز شریف
اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے، تاہم خلیجی بحران ہمارے لیے ایک مشکل مرحلہ ہے۔وزیراعظم سے نیویارک میں امریکی کاروباری کونسل برائے عالمی باہمی مفاہمت اور امریکا پاکستان کاروباری کونسل کے وفود نے ملاقات کی۔ وفد میں اطلاعاتی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مالیات، مشروبات، صنعت، ادویات اور نامیاتی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات شریک تھیں۔شہباز شریف نے شرکا کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار حکومتی پالیسیوں اور مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں کاروباری کونسلیں اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان مؤثر رابطے کا ذریعہ ہیں، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔