اسلام آباد( کامرس ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سالانہ ریٹرنز اور مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر سرکاری کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق کمپنیز ایکٹ اور کارپوریٹ گورننس ریگولیشنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔36 سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو جاری کیے گئے 58 شوکاز نوٹسز پر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جن میں 46 کیسز میں جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 12 میں تنبیہی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ایس ای سی پی کے مطابق مجموعی طور پر 3 لاکھ 75 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ مارچ 2026 میں 41 سرکاری کمپنیوں کو 66 شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے، جن میں سے 58 پر کارروائی مکمل جبکہ 8 پر کارروائی جاری ہے۔سالانہ ریٹرن جمع نہ کرانے پر کم از کم 25 ہزار روپے اور سالانہ ریٹرنز و مالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے تک جرمانہ مقرر ہے۔ایس ای سی پی کے مطابق کارروائی کے دوران کمپنیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا گیا۔ متعدد کمپنیوں نے نوٹسز کے بعد اپنے زیر التواء ریٹرنز بھی جمع کرا دیے ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ریٹرن فائلنگ میں سہولت کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جبکہ فیصلوں کی نقول متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز اور سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
ایس ای سی پی کی سرکاری کمپنیوں کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد
8 گھنٹے قبل