سرفراز بگٹی اور انوار الحق کاکڑ موجودہ جنگ کے بینیفشری ہیں، بی این پی
کوئٹہ (اباسین خبر) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ موجودہ جنگ کے بینیفشری ہیں، جبکہ بعض عناصر اپنے کاروباری مفادات، سیاسی دکان داری اور نااہل حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے صوبے کے حالات خراب کر رہے ہیں۔ایک انٹرویو کے پہلے حصے میں اظہار خیال کرتے ہوئے آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں آئے روز لوگوں کی کردار کشی کی جارہی ہے اور صوبے کے رسم و رواج اور روایات کو پامال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکام کو بلوچستان کے زمینی حقائق اور معروضی حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔آغا حسن بلوچ کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے موقع پر بی این پی کے 4 ووٹ دینے کے نتیجے میں اگر 300 سے زائد افراد بازیاب ہوئے تو یہ گھاٹے کا سودا نہیں تھا، کیونکہ اس عمل میں پارٹی کا کوئی ذاتی مفاد شامل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور انوار الحق کاکڑ کا یہ کہنا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا کوئی مسئلہ نہیں، درست نہیں، کیونکہ لاپتہ افراد کا معاملہ صوبے کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ان کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت میں شامل ہونے کے باوجود بی این پی نے کوئی وزارت حاصل نہیں کی، جبکہ پی ٹی آئی کے 2 سالہ دور حکومت میں 400 سے زائد لاپتہ افراد بازیاب ہوئے۔آغا حسن بلوچ نے واضح کیا کہ بی این پی نے کبھی نگراں حکومت میں وزارت عظمیٰ یا بلوچستان میں حکومت دینے کا مطالبہ نہیں کیا۔انہوں نے سردار اختر جان مینگل اور محمود خان اچکزئی کو بلوچستان کے حقیقی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں ترقی پسند سیاسی جماعتیں ہیں، جبکہ ان کے بقول پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) فارم 47 کی جماعتیں ہیں۔