لاپتہ افراد سے متعلق اسمبلی کے منظور کردہ قانون پر عملدرآمد کیا جائے، نصراللہ بلوچ

لاپتہ افراد سے متعلق اسمبلی کے منظور کردہ قانون پر عملدرآمد کیا جائے، نصراللہ بلوچ

Nov 10, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ (اباسین خبر) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے بلوچستان حکومت اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی سے لاپتہ افراد سے متعلق منظور کردہ انسدادِ دہشت گردی بلوچستان ترمیمی ایکٹ 2025 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس معاملے پر کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔اپنے بیان میں نصراللہ بلوچ نے کہا کہ منظور شدہ قانون میں گواہوں کے تحفظ سے متعلق بعض شقوں پر انہیں تحفظات ہیں، تاہم حکومت کو قانون پر عملدرآمد کے ذریعے لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔ یہ مسئلہ جتنی جلد حل ہوگا، صوبے میں امن و استحکام کی راہ اتنی ہی جلد ہموار ہوگی۔نصراللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر منفی سوچ ختم کرنے اور اسے سنجیدگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ 2019 اور 2020 کے دوران اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے گئے تھے، جن کے نتیجے میں تقریباً 1200 لاپتہ افراد بازیاب ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ 2025 میں موجودہ حکومت نے بلوچستان اسمبلی سے لاپتہ افراد سے متعلق قانون منظور کرایا، جس میں کسی شخص کو لاپتہ کرنے کے بجائے اس کے اہلخانہ کو اطلاع دینے، مجسٹریٹ کی نگرانی اور حراستی مراکز کے انتظام سمیت مختلف قانونی طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں۔چیئرمین وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے حکومت پر زور دیا کہ منظور شدہ قانون پر مؤثر عملدرآمد کیا جائے تاکہ لاپتہ افراد کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جاسکے۔