خیبرپختونخوا میں 10 سے 14 نومبر تک بارش اور برف باری کا الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں 10 سے 14 نومبر تک بارش اور برف باری کا الرٹ جاری

Nov 10, 2026|ویب ڈیسک

پشاور (اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر تک بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسمیاتی الرٹ جاری کردیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور کوہاٹ سمیت میدانی اضلاع میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے واقعات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھائے رہنے کا امکان بھی ہے۔محکمے کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کرنے اور حساس مقامات، ندی نالوں اور دریاؤں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔