دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے پر فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں:سرفراز بگٹی
کوئٹہ/آواران ( اباسین خبر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت آواران میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 3 دہشتگردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا ثبوت ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے پر فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کیلئے ریاستی ادارے پرعزم ہیں جبکہ قوم بھی دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کی عکاس ہیں۔