کراچی میں پولیس مقابلے، چار ملزمان ہلاک، زخمیوں سمیت چھ گرفتار

کراچی میں پولیس مقابلے، چار ملزمان ہلاک، زخمیوں سمیت چھ گرفتار

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( اباسین خبر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور انسدادِ دہشت گردی محکمے کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک جبکہ 4 زخمیوں سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئیں۔منگھوپیر کے غازی گوٹھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انسدادِ دہشت گردی محکمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ حکام کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تھا اور وہ کراچی میں تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔گلشن اقبال میں جمشید ڈویژن پولیس اور انسدادِ گاڑی چوری سیل کے اہلکاروں سے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ لیاقت آباد کے علاقے تین ہٹی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔گلبرگ میں گزشتہ شب پولیس سے مقابلے کے دوران زخمی ہوکر فرار ہونے والے ملزم کو عباسی شہید اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا، جبکہ نارتھ ناظم آباد میں ریلوے پھاٹک کے قریب ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔شاہ لطیف اور سرجانی ٹاؤن میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے خواتین سے مبینہ نازیبا حرکات کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اور ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔