پاکستان کا بحیرۂ احمر میں حوثیوں سے حملے فوری روکنے کا مطالبہ

پاکستان کا بحیرۂ احمر میں حوثیوں سے حملے فوری روکنے کا مطالبہ

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( ویب ڈیسک)پاکستان نے باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بحیرۂ احمر میں اشتعال انگیز کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں بحری سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ باب المندب اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش رکاوٹیں ظاہر کرتی ہیں کہ سمندری تنازعات کے اثرات صرف متعلقہ علاقوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ عالمی تجارت، توانائی کی قیمتوں اور غذائی تحفظ کو بھی متاثر کرتے ہیں۔عاصم افتخار نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی میں کھڑا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ سمندری راستوں میں معمول کی صورت حال کی بحالی کے لیے تمام زیر التوا معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔ پاکستان خطے اور دنیا کے دیگر امن پسند ممالک کے تعاون سے بحری امن، تجارتی جہازوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گا۔اجلاس میں بحرین اور سعودی عرب نے بھی حوثیوں کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں علاقائی اور عالمی تجارت کے لیے خطرہ قرار دیا، جبکہ چین نے یمن اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیا۔