صباحت بخاری کی بیٹی سے 30 سالہ جدائی کی دردناک داستان
کراچی( شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ صباحت بخاری نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی اور بیٹی سے تین دہائیوں تک دور رہنے کی دل گرفتہ داستان بیان کردی۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صباحت بخاری نے بتایا کہ ان کی بیٹی صرف ڈیڑھ سال کی تھی جب طلاق کے بعد سسرال والوں نے اسے ان سے الگ کردیا۔ اداکارہ نے بیٹی کی حوالگی کے لیے قانونی کارروائی بھی کی، تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔انہوں نے بتایا کہ سابق سسرال والے گھر تبدیل کرکے کہیں اور منتقل ہوگئے، جس کے باعث وہ اپنی بیٹی کا سراغ نہ لگا سکیں۔ ان کے مطابق سابق شوہر نے بیٹی کو یہ بتا رکھا تھا کہ اس کی والدہ انتقال کرچکی ہیں۔صباحت بخاری نے کہا کہ تقریباً 30 سال بعد سابق شوہر کے انتقال پر خاندان نے بیٹی کو ان کی حقیقت سے آگاہ کیا، جس کے بعد بیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے ان سے رابطہ کیا۔ اداکارہ کے مطابق اب وہ اپنی بیٹی سے مل چکی ہیں اور اس کی شادی بھی ہوچکی ہے۔